تشدد سے جاں بحق حافظہ قرآن لڑکی کے ورثا انصاف کے منتظر
دوسال سے کہیں شنوئی نہیں ہورہی ،اعلیٰ حکام تحقیقات کروائیں :والدہ شگفتہ
حافظ آباد (نمائندہ دُنیا) حافظ آباد کے علاقے مہدی آباد میں تقریباً دو سال قبل سسرالیوں کے مبینہ تشدد سے جاں بحق ہونے والی حافظہ قرآن لڑکی کے ورثا کو تاحال انصاف نہ مل سکا۔ متوفیہ کی والدہ اور بھائی انصاف کے حصول کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔نواحی قصبے ونیکے تارڑ کی رہائشی اور متوفیہ کی والدہ پروین اختر نے اپنے بیٹے کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی بیٹی شگفتہ افتخار حافظہ قرآن تھی۔ اس کی شادی مہدی آباد کے رہائشی احسان اللہ کے بیٹے سے ہوئی تھی۔
ان کے مطابق شادی کے بعد سسرالیوں نے شگفتہ کو وقتاً فوقتاً تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا اور بعدازاں مبینہ طور پر گلا گھونٹ کر قتل کرنے کے بعد خودکشی کا ڈرامہ رچا کر اس کی تدفین کر دی۔پروین اختر کے مطابق شک گزرنے پر انہوں نے علاقہ مجسٹریٹ کو درخواست دی، جس کے بعد متوفیہ کی قبر کشائی کروائی گئی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ملزموں نے مبینہ طور پر پوسٹ مارٹم کرنے والی لیڈی ڈاکٹر سے ملی بھگت کرکے میڈیکل رپورٹ میں حقائق چھپا دیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ متعلقہ ڈی ایس پی نے بھی حقائق کے منافی رپورٹ مرتب کرکے اس قتل کو چھپانے کی کوشش کی۔پروین اختر نے کہا کہ وہ گزشتہ دو سال سے انصاف کے لیے کوششیں کر رہی ہیں، لیکن تاحال ان کی شنوائی نہیں ہوئی۔ متوفیہ کی والدہ اور بھائی نے اعلیٰ حکام، آئی جی پنجاب اور چیف جسٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کروا کر ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments