ڈی سی سیالکوٹ کا پسرور کا دورہ، ہسپتال و ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ
صحت کے شعبے میں خدمات کے معیار پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا:اویس مشتاق
سیالکوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نمائندہ دنیا) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق نے تحصیل پسرور کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چونڈہ، گورنمنٹ ہائی سکول مالی پور، امن چوک پسرور اور ہسری برج کی بحالی و تزئین و آرائش کے جاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر پسرور ثنا شرافت بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ڈپٹی کمشنر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال چونڈہ کے دورے کے دوران مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور ڈاکٹرز و دیگر عملے کی حاضری چیک کی۔ انہوں نے او پی ڈی، فارمیسی، ایمرجنسی، پیتھالوجی اور ریڈیالوجی میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے زیر علاج مریضوں کی عیادت بھی کی اور ان سے ہسپتال میں دستیاب سہولیات اور طبی خدمات کے بارے میں دریافت کیا۔ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے کہا کہ صحت کے شعبے میں خدمات کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ بعدازاں انہوں نے گورنمنٹ ہائی سکول مالی پور کا دورہ کیا، جہاں اساتذہ اور طلبہ کی حاضری چیک کرنے کے ساتھ تدریسی سرگرمیوں کا مشاہدہ بھی کیا۔ڈپٹی کمشنر نے پسرور شہر کے امن چوک کی تزئین و آرائش اور ہسری برج کی بحالی و خوبصورتی کے جاری منصوبوں کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر پسرور ثنا شرافت کو ہدایت کی کہ شہر میں صفائی کے انتظامات مزید مؤثر بنائے جائیں، گرین بیلٹس کی مناسب دیکھ بھال کی جائے اور وہاں لگائے گئے پودوں کی نگہداشت و آبیاری یقینی بنائی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments