بی آر ٹی منصوبہ سے ٹریفک کا دبائو، شہریوں کو مشکلات

بی آر ٹی منصوبہ سے ٹریفک کا دبائو، شہریوں کو مشکلات

اندرون شہر اور اہم شاہراہوں پر لوڈر رکشوں رکشوں کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ،سڑکیں بھی خراب ہو نے لگیں ،فوری کارروائی کامطالبہ

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر) بی آر ٹی منصوبے کے باعث اندرون شہر کی سڑکوں پر ٹریفک کا رش بڑھ گیا ہے ، جبکہ اندرون شہر اور اہم شاہراہوں پر منی ٹرک نما لوڈر رکشوں کی آمدورفت بھی جاری ہے ۔ سامان سے لدے ان رکشوں کے باعث نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے بلکہ سڑکیں بھی خراب ہو رہی ہیں۔تفصیلات کے مطابق کمرشل گاڑیوں کے لیے سڑکوں پر آنے سے قبل فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی ہے ، جس کے بعد انہیں روٹ پرمٹ جاری کیا جاتا ہے ، لیکن گوجرانوالہ کے اندرون شہر اور بڑی شاہراہوں پر لوڈر رکشوں کی آڑ میں منی ٹرک چلائے جا رہے ہیں۔

لوڈر رکشے کا مقررہ سائز پانچ فٹ لمبا اور چار فٹ چوڑا ہونا چاہیے ، تاہم بعض افراد نے ان رکشوں کو منی ٹرک میں تبدیل کرتے ہوئے ان کا سائز دس فٹ لمبا، 11 سے 12 فٹ اونچا اور آٹھ فٹ چوڑا کر لیا ہے ۔ ان گاڑیوں کے ذریعے ایک جگہ سے دوسری جگہ سامان منتقل کیا جاتا ہے ۔ان لوڈر رکشوں پر لادے جانے والے سامان کا وزن بھی کسی کانٹے پر نہیں کیا جاتا۔ زیادہ وزن کے باعث سڑکیں خراب ہو رہی ہیں، جبکہ ان میں سے اکثر رکشے بغیر نمبر پلیٹ کے سڑکوں پر رواں دواں ہیں۔

حادثے کی صورت میں رجسٹریشن نمبر نہ ہونے کے باعث مالکان کا سراغ لگانا بھی مشکل ہو جاتا ہے ۔بی آر ٹی منصوبے کے باعث شہری اندرون شہر کی سڑکیں استعمال کرنے پر مجبور ہیں، لیکن منی ٹرک نما رکشوں کی وجہ سے ٹریفک کی روانی مزید متاثر ہو رہی ہے ۔ ان رکشوں کا سائز بڑا ہونے کے باعث یہ سڑک پر زیادہ جگہ گھیرتے ہیں، جبکہ ان کے پاس مبینہ طور پر روٹ پرمٹ بھی موجود نہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ محکموں کی جانب سے ان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی، جسکے باعث سڑکیں مزید تنگ ہوتی جا رہی ہیں۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ لوڈر رکشوں کو غیر قانونی طور پر منی ٹرک میں تبدیل کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...