غیرقانونی سگریٹس بنانیوالوں سے ہمیں نقصان ہو رہا ہے ، مشفق خان
کاشتکاروں کی تنظیموں کو حکومت پر دبائو ڈالنے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے ، پریس کانفرنس
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے تمباکو کے کاشتکاروں نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے بنائے گئے قوانین میں کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ کیا گیا ہے ، غیر قانونی سگریٹس بنانے والے مقامی عناصر حقیقی کاشتکاروں کے روزگار کو نقصان پہنچا رہے ہیں ،بااثر کاشتکار غلط انداز میں یہ دعوی کر رہے ہیں کہ تمباکو پر ایڈوانس ٹیکس سے ان پر بوجھ پڑے گا، ان خیالات کا اظہار خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے تمباکو کے کاشتکاروں کے ایک گروپ نے پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے تمباکو کے کاشتکاروں کے نمائندہ مشفق علی خان نے کہا کہ کاشتکاروں کی تنظیمیں غیر قانونی سگریٹس تیار کرنے والے مقامی عناصرکے اثر میں ہیں جن کے سیاسی عزائم ہیں اورانہیں اس کام کے لیے اکسایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کی تنظیموں کو حکومت پر دبائو ڈالنے کی خاطراستعمال کیا جا رہا ہے تاکہ اسے درست اقدامات کو واپس لینے پر مجبور کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہاکہ غیرقانونی سگریٹس بنانے والے خیبر پختونخوا کے کاشتکاروں کو اپنے فائدے کے لیے گمراہ کر رہے ہیں۔