انوارالحق حکومت کا 1سال گزر گیا، پی اے سی نہ بنا سکی

انوارالحق حکومت کا 1سال گزر گیا، پی اے سی نہ بنا سکی

اسلام آباد (آئی این پی) آزادکشمیر میں انوار الحق حکومت ایک سال گزرنے کے باوجود اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اور قائمہ کمیٹیاں نہ بنا سکی۔۔

 اپوزیشن کی نامزدگیاں اور سپیکر کی بار بار یاد دہانیاں بھی بے سود، پارلیمانی نظام عملا ًمفلوج ہو کر رہ گیا۔ آزادکشمیر کی تاریخ میں پہلی بار اتنا طویل عرصہ گزرنے کے باوجود قانون ساز اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی جوایک آئینی ضرورت ہے نہیں بن سکی۔ موجودہ وزیراعظم جب سپیکر کے عہدے پر فائز تھے تو انھوں نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی اپنے پاس رکھی۔ موجودہ اتحادی حکومت کو ایک سال مکمل ہو گیا ہے لیکن ابھی تک سوائے فنانس کمیٹی کے کوئی بھی کمیٹی نہیں بن سکی ہے، اس معاملہ پر سپیکر قانون ساز اسمبلی چودھری لطیف اکبر کا کہنا ہے کہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے، اپوزیشن نے کمیٹیوں کیلئے نام د یئے ہوئے ہیں لیکن ابھی تک حکومت نے نام نہیں دیئے۔ اس معاملے پر وزیراعظم کو تحریری طور پر بھی آگاہ کر چکا ہوں۔ قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق نے اس پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس نااہل حکومت نے اسمبلی کو غیر فعال کر دیا ہے۔ ایک پارلیمانی سال میں 60دن اسمبلی اجلاس آئینی تقاضا ہے لیکن حکومت نے جان بوجھ کر اسمبلی اجلاس نہیں بلایا، حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی، اسمبلی کو بے توقیر کر دیا گیا ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں