میٹرو بسوں، روٹس کی تعدار بڑھانا ضروری:کمشنر راولپنڈی

راولپنڈی(نیوز رپورٹر)کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک نے کہا میٹرو بس سروس عالمی معیار کی سفری سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
شہر کی آبادی بڑھنے کے تناسب سے میٹرو بسوں اور روٹس کی تعداد بڑھانا ضروری ہو گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میٹرو بس سروس کی نئی فیزیبلٹی سٹڈی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ نیسپاک کے نمائندوں نے نئی فیزیبلٹی سٹڈی کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا ممکنہ طور پر بسوں کی تعداد ایک سو سے ایک سو پچاس اور میٹرو بس روٹس کی تعداد 6سے بڑھا کر 10 کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ کمشنر راولپنڈی نے نیسپاک کے نمائندوں کو اگست کے پہلے ہفتے میں میٹرو بس سروس کی نئی فیزیبلٹی سٹڈی مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ کمشنر عامر خٹک نے کہا نئی فیزیبلٹی رپورٹ آنے کے بعد میٹرو بس سروس کے ذریعے عوام کو مزید بہتر سفری سہولیات میسر ہوں گی۔