کمشنر راولپنڈی کا ڈسٹرکٹ ہسپتال کا دورہ، سہولیات کا جائزہ لیا
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال راولپنڈی کا دورہ کیا اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
کمشنر راولپنڈی نے مختلف وارڈز، ایمرجنسی، او پی ڈی، لیبارٹری کا معائنہ کرتے ہوئے صفائی انتظامات، ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری، ضروری ادویات کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ انجینئر عامر خٹک نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے طبی سہولیات اور ڈاکٹرز کے بارے میں استفسار کیا اور کہا ان کے مشوروں کے مطابق سہولیات میں مزید بہتری لائی جائے۔ انہوں نے ہسپتال کی انتظامیہ کو ہدایات دیں کہ تمام سروسز کو بہتر بنایا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کا نظام سخت کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز مانیٹرنگ کا فریضہ انجام دینے کیلئے ہسپتالوں کے دورے کریں اور اپنی آبزرویشنز اور تجاویز ہسپتال انتظامیہ اور کمشنر آفس کے ساتھ شیئر کریں۔