سیکٹر آئی 12 میں ترقیاتی کام تیز ، غیر قانونی تعمیرات ختم کی جائیں : چیئرمین سی ڈی اے

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی ترقی و خوشحالی اور سیکٹر ڈویلپمنٹ سی ڈی اے کی اولین ترجیح ہے اور اسکے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو ایک جدید ڈیجیٹلائز ، سیاحتی اور خوبصورت شہر بنا یا جا ئیگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکٹر I-12 کے اچانک دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر اعلیٰ افسران بھی انکے ہمراہ تھے ۔چیئرمین سی ڈی اے نے اپنے دورہ کے دوران سیکٹر I-12میں نہ صرف ترقیاتی کاموں کا ذاتی طور پر جائزہ لیا بلکہ موقع پر متعلقہ افسران کو سیکٹر I-12 میں جاری ترقیاتی کاموں کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سیکٹر I-12 سے ہر قسم کی غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو فوری مسمار کیا جا ئے ، اراضی واگزار کروانے کے علاوہ سیکٹر I-12سے باقی ماندہ کوڑا کرکٹ فوری طور پر اٹھایا جائے تاکہ ترقیاتی کام بروقت مکمل کیے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکٹر I-12 اسلام آباد اور راولپنڈی کے سنگم پر واقع ہے اور یہ جڑواں شہروں کیلئے ایک گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے ۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ سیکٹر I-12کے ترقیاتی کاموں میں حائل تمام روکاوٹوں فوری دور کیا جا ئے ۔