شہریوں ، سی ڈی اے ملازمین کو صحت کی بہتر سہولیات دینا اولین ترجیح ، محمد علی رندھاوا

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
جس میں اسلام آباد کے شہریوں خصوصاً سی ڈی اے کے ملازمین کو بہتر طبی سہولیات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین نے کہا اسلام آباد کے شہریوں اور سی ڈی اے ملازمین کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، ادارہ کے ملازمین کو طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنا ئی جائے گی اور صحت کی خدمات کا معیار بہتر بنایا جائے گا جس کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں جن کا مقصد نہ صرف سی ڈی اے کے ملازمین، افسران اور ان کے اہلخانہ کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا ہے بلکہ اسلام آباد کے شہریوں کو بھی اعلیٰ طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کاوشیں کرنا ہے، طبی شعبہ میں کیے گئے اقدامات اسلام آباد میں عوام کیلئے صحت کی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد دیں گے۔ سی ڈی اے ملازمین کی فلاح وبہبود سمیت صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی سی ڈی اے کی اولین ترجیح ہے، صحت کی خدمات کی فراہمی سے نہ صرف نمایاں بہتری آئے گی بلکہ مریضوں کو جدید ترین طبی سہولیات بھی میسر ہوں گی۔