شہباز شریف اور شیخ بن زاید النہیان کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ بن زاید النہیان کی ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔

پاکستان اور یو اے ای کی قیادت نے دونوں ملکوں کی دیرینہ شراکت داری کو مستحکم کرنے پر گفتگو کی، دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں جاری تعاون پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور صدر یو اے ای شیخ بن زاید النہیان نے مختلف شعبوں میں روابط کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر غور کیا۔

یہ بھی پڑھیں: یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید پاکستان پہنچ گئے، پروقار استقبال، گارڈ آف آنر پیش

دونوں رہنماؤں نے سرمایہ کاری، توانائی، آئی ٹی سمیت دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا، ملاقات میں دوطرفہ تجارت میں اضافے کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

پاکستان اور یو اے ای کی قیادت نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا اور امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کیلئے قریبی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں