چارج تنازع ، نرسنگ اینڈ مڈ وائفری کونسل کو سیل کرنے بعد کھول دیاگیا

 چارج تنازع ، نرسنگ اینڈ مڈ وائفری کونسل کو سیل کرنے بعد کھول دیاگیا

اسلام آباد (نیوزرپورٹر ) پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل کی صدارت کا چارج سنبھالنے کے معاملے پر تنازع کھڑا ہو گیا ہے ۔۔۔

وزارت قومی صحت نے پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل کو سیل کر دیا اور حکام کو کام سے روک دیا ،تاہم بعد ازاں کونسل حکام کی درخواست پر اسے ڈی سیل کر کے روز مرہ کے امور انجام دینے کی اجازت دے دی، پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل کے صدر جواد امین کو چار دن قبل ہائی کورٹ نے بحال کرنے کے احکامات د یئے ہیں، جواد امین 14 جون کو چارج سنبھالنے پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل گئے تو سیکرٹری کونسل نے رپورٹ وزارت قومی صحت کو بھجوا دی جبکہ وزارت قومی صحت کو ایک شکایت موصول ہوئی کہ کونسل حکام نرسنگ تعلیمی اداروں سمیت اہم ریکارڈ منتقل کر رہے ہیں، وزارت قومی صحت نے مذکورہ شکایت پر پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل کو سیل کر دیا اور حکام کو کام کرنے سے روک دیا ، تاہم نرسنگ کونسل حکام نے درخواست کی کہ روزمرہ امور رکنے سے مسائل پیدا ہو جائیں گے جس پر وزارت قومی صحت نے کونسل کو ڈی سیل کر کے روز مرہ امور انجام دینے کی اجازت دی ہے ، وزارت قومی صحت نے عدالتی فیصلے پر بحال ہونے والے پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل کے صدر جواد امین کو دوبارہ نوٹیفکیشن جاری ہونے تک چارج سنبھالنے کے لیے انتظار کی ہدایت کی ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں