ایران پر حملے اور جنگ کے خلاف اسرائیل مردہ باد ریلی

ایران پر حملے اور جنگ کے خلاف اسرائیل مردہ باد ریلی

اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے)مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام ایران پر اسرائیل کے حملے اور جنگ مسلط کیے جانے کے خلاف مردہ باد اسرائیل ریلی نکالی گئی۔

 ریلی پریس کلب سے ڈی چوک تک نکالی گئی جس میں علمائے کرام، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء ریلی نے اسرائیل مردہ باد، امریکہ مردہ باد اور قبلہ اول کی آزادی کے حق میں نعرے بازی کی۔ انہوں نے ایران، فلسطین، لبنان اور یمن کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے بینرز اور پلے کارڈزاٹھا رکھے تھے۔ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا آج دنیا میں جو معرکہ برپا ہے، وہ زمینوں کا، وسائل کا یا سیاست کا معرکہ نہیں، بلکہ یہ حق و باطل کے دو نظاموں کا ٹکراؤ ہے۔ مغرب اور استعماری طاقتیں اُس نظام سے خوفزدہ ہیں جو ظلم کے سامنے سر نہ جھکائے۔ مغرب کو ایران کا مزاحمتی نظام قبول نہیں، ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ ہم ظلم کے خلاف حق کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم مظلوم فلسطینیوں، لبنانیوں، یمنیوں اور کشمیریوں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے رہیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں