عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کرائے، صدر آزاد کشمیر

مظفر آباد(اے پی پی)صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا ہے کہ برطانیہ میں مقیم اوورسیز کشمیری کمیونٹی نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے جاندار اور مؤثر کردار ادا کیا ہے۔
بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم بندکرائے۔ برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کو چاہیے کہ وہ منظم انداز میں بھارتی حکومت کے مظالم اور مودی سرکار کے مکروہ چہرے کو عالمی سطح پر بے نقاب کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں اعزازی صدارتی مشیر برائے مڈ لینڈ چو دھری خادم حسین سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر بیرسٹر سلطان نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک ایسا دیرینہ تناز ع ہے، جب تک اس مسئلے کے کسی بھی مذاکراتی عمل میں کشمیری عوام کو براہِ راست شریک نہیں کیا جاتا، تب تک ان مذاکرات کی کامیابی ممکن نہیں۔