سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ صفائی کا نظام مزید بہتر بنائے ، قائم مقام چیئرمین سی ڈی اے

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر ) چیئرمین سی ڈی اے ، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر سی ڈی اے کے قا ئم مقام چیئرمین طلعت محمود نے اسلام آباد سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں ممبر فنانس، ممبر انوائرنمنٹ، ڈی جی انوائرنمنٹ سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے عید ا لا ضحی کے موقع پر اسلام آباد کے شہری و دیہی علاقوں سے 2400 ٹن آلائشوں کو تلف کیا جو کہ انتہائی قابل ستائش کارکردگی ہے ۔اجلاس میں کہا گیا جدید ترین لینڈ فل سائٹس کے قیام کے علاوہ فضلے سے توانائی حاصل کرنے جیسے اقدامات کے لیے کوشوں کو مزید تیز کیاجائے ۔ سی ڈی اے کے قا ئم مقام چیئرمین طلعت محمود نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو دیہی اور شہری علاقوں کیلئے ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ چیئر مین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی ہدایت کے مطابق قومی و بین الاقوامی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے بہترین ماڈلز اور پریکٹسز کا جائزہ لیا جائے ، اس ڈیپارٹمنٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کے ویژن اور محمد علی رندھاوا کی سربراہی میں وفاقی دارالحکومت کو ایک جدید، کلین اینڈ گرین، خوبصورت اور ماحول دوست ماڈل شہر بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھا ئے جا رہے ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔