حضور ؐکی ولادت کا دن ایمان کا حصہ، یوسف رضا گیلانی

حضور ؐکی ولادت کا دن ایمان کا حصہ، یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد (دنیا رپورٹ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حضرت محمدؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر تمام ملکی مسائل اور مشکلات پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

حضور پاک کی ولادت باسعادت کا دن ہمارے ایمان کا حصہ اور امت مسلمہ کیلئے خوشیوں اور برکت کا لمحہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دولت گیٹ ملتان میں انجمن اسلامیہ کے زیراہتمام 12ربیع الاول کے جشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ تمام مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، اسلام ایک پر امن دین ہے، ہم تعلیم کو ہتھیار بنا کر غلبہ حاصل کر سکتے ہیں، انہوں نے انجمن اسلامیہ کے صدر سید عمران الحسن گیلانی کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا یہ ایک خوبصورت اتفاق ہے کہ آج پوری قوم یوم دفاع بھی منا رہی ہے۔

اس دن کی مناسبت سے ہم اپنی افواج کو بھی سلام پیش کرتے ہیں، سیلابی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا اس مشکل پر قابو پانا صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ تمام مخیر حضرات، فلاحی اداروں کو بھی قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ یوسف رضا گیلانی نے صدر انجمن اسلامیہ عمران حسن گیلانی کی دستار بندی بھی کی۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ، فیصل کریم کنڈی، ابوالحسن گیلانی، علی موسیٰ گیلانی، سید علی قاسم گیلانی، مخدوم جاوید ہاشمی، سینیٹر رانا محمودالحسن، ڈاکٹر جاوید صدیقی، حاجی جاوید اختر انصاری، سید عامر حسن گیلانی، سید سہیل حسن گیلانی، احمد مجتبیٰ گیلانی، نعیم خان، سید ارتضیٰ حسن گیلانی، مظہر جاوید و دیگر کی بھی دستار بندی کی گئی۔ جس کے بعد یوسف رضا گیلانی اور فیصل کریم کنڈی کی قیادت میں 12ربیع الاول کا جلوس دولت گیٹ سے ریلی کی شکل میں روانہ ہوا اور حسین آگاہی چوک میں اختتام پذیر ہوا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں