کامسیٹس یونیورسٹی میں 40واں سلیکشن بورڈ مکمل، 992فیکلٹی کیسز کا جائزہ
اسلام آباد (دنیا رپورٹ) کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد نے آفیسر گریڈ (OG)اور ٹینیور ٹریک سسٹم (TTS)کے تحت فیکلٹی ریکروٹمنٹ اینڈ پروموشن کے 40ویں سلیکشن بورڈ کا کامیاب انعقاد کیا۔
سلیکشن بورڈ کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر ریکٹرکامسیٹس یونیورسٹی نے کی۔ اس دوران یونیورسٹی بھر سے OG اسکیل پر 780فیکلٹی ممبران کی اعلیٰ گریڈ میں تقرری کے کیسز کا جائزہ لیا گیا جبکہ TTSاسکیل پر 212فیکلٹی ممبران کے معاملات بھی زیرِ غور آئے ۔
ادارہ جاتی جدت میں اہم پیش رفت کے طور پر، سولہ دنوں پر مشتمل یہ سلیکشن بورڈ پہلی مرتبہ مکمل طور پر الیکٹرانک ذرائع سے منعقد کیا گیا، جس میں یونیورسٹی کے تیار کردہ سافٹ ویئر SmartSelect@CUI کا استعمال کیا گیا۔ یہ خصوصی سافٹ ویئر کامسیٹس کی سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ ٹیم نے محض چار ہفتوں کے مختصر عرصے میں ڈیزائن اور تیار کرکے کام میں لایا، جس کے ذریعے کیسز کی ڈیجیٹل پروسیسنگ، دستاویزات کی دیکھ بھال اور فیصلہ سازی کے عمل کو مؤثر اور منظم بنایا گیا ۔