ڈیجیٹل معیشت سے استفادے کیلئے نوجوانوں کی تربیت ناگزیر

 ڈیجیٹل معیشت سے استفادے کیلئے نوجوانوں کی تربیت ناگزیر

مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق پروگرام تیار کیے جائیں،اسلام آباد چیمبر

اسلام آباد(این این آئی)اسلام آباد چیمبر کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ عالمی ڈیجیٹل معیشت میں ابھرتے ہوئے مواقع سے مستفید ہونے کیلئے نوجوانوں کو تیار کرنے کیلئے ان میں ڈیجیٹل مہارتوں کو فروغ دینا ضروری ہے ۔جمعہ کو یہاں چیمبر ہاؤس میں یونیورسٹی کے طلباء کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی ایک بڑی آبادی ہے جسے اگر جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز بشمول انفارمیشن ٹیکنالوجی، ای کامرس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور فری لانسنگ کی مناسب تربیت فراہم کی جائے تو وہ ملک کیلئے ایک قیمتی اثاثہ بن سکتے ہیں۔ نوجوانوں کو اس طرح کی مہارتوں سے آراستہ کرنے سے نہ صرف ان کی ملازمتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ وہ معاشی ترقی میں موثر کردار ادا کرنے کے قابل بھی ہوں گے ۔سردار طاہر محمود نے کہا کہ ڈیجیٹل معیشت کی تیز رفتار ترقی نے کاروبار اور روزگار کی نئی راہیں کھول دی ہیں، تاہم مناسب ڈیجیٹل تربیت اور مہارت کی ترقی کے پروگراموں کے بغیر، نوجوانوں کا ایک اہم حصہ ان مواقع سے پوری طرح استفادہ کرنے کے قابل نہیں۔انہوں نے تعلیمی اداروں، ٹیکنالوجی کمپنیوں اور پرائیویٹ سیکٹر کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا تاکہ مارکیٹ پر مبنی تربیتی پروگرام تیار کیے جائیں جو صنعت کی ابھرتی ہوئی ضروریات کے مطابق ہوں۔

تربیت ناگزیر 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں