سرکاری اراضی پر گھروں کی تعمیر تیز کرنے کی ہدایت

سرکاری اراضی پر گھروں کی تعمیر تیز کرنے کی ہدایت

گورننگ باڈی کی پھاٹا کے مشترکہ منصوبوں سے متعلق قوانین کی منظوری

راولپنڈی (دنیا رپورٹ) وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کی زیر صدارت پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی، پھاٹا کی گورننگ باڈی کا 106 واں اجلاس منعقد ہوا جس میں 27نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا جبکہ گزشتہ دو اجلاسوں کے فیصلوں کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے فلیگ شپ ہاؤسنگ پروگرامز ‘‘اپنی چھت اپنا گھر’’ اور ‘‘اپنی زمین اپنا گھر’’ کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ بلاسود قرضوں پر مبنی ‘‘اپنی چھت اپنا گھر’’ پروگرام کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے اور مئی میں ہونے والے ورلڈ اربن فورم میں اسے کامیاب ماڈل کے طور پر پیش کیا جائے گا۔ اجلاس کو رواں ماہ کے آخر میں آذربائیجان کے شہر باکو میں افورڈایبل ہاؤسنگ سے متعلق ہونے والی عالمی کانفرنس کے متوقع نتائج سے بھی آگاہ کیا گیا۔ گورننگ باڈی نے پھاٹا کے مشترکہ منصوبوں سے متعلق قوانین کی منظوری دی جبکہ خانیوال، بورے والا، گوجر خان، لیہ، وہاڑی، فاروق آباد اور یزمان کی بحالی سکیموں کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری افورڈایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی جس پر وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے عملدرآمد مزید تیز کرنے اور سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں