اسلام آباد ، جدید ذبح خانہ،ہول سیل میٹ مارکیٹ قائم کرنیکا منصوبہ
منصوبہ 3ارب لاگت سے I-11/4میں قائم کیا جائیگا ،2029میں تکمیل ہوگی
اسلام آباد(این این آئی)حکومت نے اسلام آباد کے شہریوں کو محفوظ، حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اور ریگولیٹڈ گوشت کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے 3ارب روپے کی لاگت سے جدید ذبح خانہ اور ہول سیل میٹ مارکیٹ قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔سرکاری دستاویزات کے مطابق اسلام آباد میں جدید ترین ذبح خانہ اور ہول سیل میٹ مارکیٹ کا قیام نامی یہ منصوبہ جدید گوشت پروسیسنگ سہولیات قائم کرکے لائیو سٹاک سیکٹر کو بہتر بنانے ، مناسب اور ویٹرنری ریگولیٹڈ ذبیح کے طریقوں کو یقینی بنانے اور گوشت کو ذخیرہ کرنے اور ٹرانسپورٹ کے دوران تازہ رکھنے کیلئے کولڈ چین سسٹم تیار کرنے کا مقصد رکھتا ہے ،یہ منصوبہ پروسیسڈ اور زیادہ قیمت والے گوشت کی مصنوعات کی پیداوار کو بھی فروغ دینے کا ارادہ رکھتا ہے جس سے سیکٹر زیادہ موثر اور مقابلہ کرنے کے قابل بن جائے گا۔ یہ تین سالہ منصوبہ جو جولائی 2026سے جون 2029 تک شیڈول ہے ، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری ایڈمنسٹریشن، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے )اور وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کے تحت لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈیولپمنٹ بورڈ کے اشتراک سے نافذ کیا جائے گا۔ یہ سہولت اسلام آباد کے سیکٹرI-11/4میں قائم کی جائے گی۔