اسلاموفوبیا کیخلاف مؤثر اقدامات مشترکہ ذمہ داری،حنیف عباسی
اسلام رواداری، برداشت اور انسانیت کا درس دیتا ہے، عالمی دن پر پیغام
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اسلاموفوبیا کے تدارک کے عالمی دن پر پیغام میں کہا ہے کہ دنیا میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کے رجحان کا مقابلہ باہمی احترام اور مکالمے سے کیا جانا چاہیے۔ اسلام رواداری، برداشت اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے، مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانیہ عالمی امن اور سماجی ہم آہنگی کیلئے خطرہ ہے۔ بین المذاہب ہم آہنگی اور ثقافتی احترام ہی پائیدار امن کی بنیاد ہیں، اسلاموفوبیا کے خاتمے کیلئے عالمی سطح پر مشترکہ حکمتِ عملی اپنانا ضروری ہے۔
مسلمانوں کیخلاف امتیازی سلوک انسانی حقوق کی بنیادی اقدار کے منافی ہے، پاکستان ہمیشہ عالمی سطح پر مذہبی احترام اور برداشت کے فروغ کیلئے آواز اٹھاتا رہا ہے۔ دنیا کو نفرت کے بجائے احترام، برداشت اور مکالمے کے راستے کو اپنانا ہوگا۔ اسلاموفوبیا کیخلاف مؤثر اقدامات عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہیں، دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف تعصب کے خاتمے کیلئے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔