پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 460کلو چائینز سالٹ تلف
گنجمنڈی میں گودام پر چھاپہ، ممنوعہ نمک کو چاولوں کی بوریوں میں چھپایا گیا تھا
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی نے ممنوعہ غیر ملکی چائنیز نمک کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرتے ہوئے گنجمنڈی کے علاقے میں بڑی کارروائی کے دوران 460کلو گرام چائنیز سالٹ موقع پر تلف کر دیا، جس کی مالیت تقریباً 7لاکھ 50ہزار روپے بتائی جاتی ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ کارروائی طویل ریکی اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے گنجمنڈی میں واقع ایک گودام پر چھاپہ مارا جہاں ممنوعہ چائنیز نمک کو انتہائی مہارت سے چاولوں کی بوریوں میں چھپا کر رکھا گیا تھا تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے بچا جاسکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والا تمام غیر ملکی چائنیز نمک موقع پر ہی تلف کر دیا گیا جبکہ اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کرا دیا گیا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ صوبہ بھر میں غیر ملکی چائنیز سالٹ کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد ہے اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی صحت کے تحفظ کیلئے ایسی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔