پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی ،11من ملاوٹی دودھ تلف
کارروائیاں عمر روڈ، حفیظ روڈ اور بھابڑہ بازار میں قائم تین ملک شاپس کے خلاف کی گئیںایک ملک شاپ کو دودھ میں پانی کی ملاوٹ کرنے پر 25ہزار روپے جرمانہ ،مقدمات درج
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی نے ملاوٹی دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 11من ملاوٹی دودھ تلف کر دیا جبکہ دو ملک شاپس سیل کر کے متعلقہ تھانے میں مقدمات درج کرا دیے گئے ۔ ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائیاں عمر روڈ، حفیظ روڈ اور بھابڑہ بازار میں قائم تین ملک شاپس کے خلاف کی گئیں۔ دوران چیکنگ دودھ کے نمونے حاصل کر کے لیبارٹری بھجوائے گئے جہاں سیمپلز فیل ہونے پر دودھ میں ویجیٹیبل آئل کی ملاوٹ ثابت ہوئی۔ ترجمان نے بتایا کہ موقع پر 11 من ویجیٹیبل آئل سے تیار کردہ ملاوٹی دودھ تلف کر دیا گیا جبکہ دو ملک شاپس کو سیل کر کے مالکان کے خلاف مقدمات درج کرا دیئے گئے ۔ مزید برآں ایک ملک شاپ کو دودھ میں پانی کی ملاوٹ کرنے پر 25 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔