ایران جنگ میں یورپ نے ہمارا ساتھ نہیں دیا، ٹرمپ کا نیٹو چیف سے ملاقات میں شکوہ
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو چیف مارک روٹے سے ملاقات میں شکوہ کیا ہے کہ ایران جنگ میں یورپ نے ہمارا ساتھ نہیں دیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر نے مارک روٹے سے کہا کہ نیٹو نے ایران جنگ میں ہمیں مایوس کیا، جرمنی، فرانس اور سپین نے بھی ہمیں مایوس کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم واضح برتری سے ایران جنگ جیت رہے ہیں، مذاکرات میں ایران کے ساتھ معاملات بہت اچھی طرح چل رہے ہیں، ایران بڑی رعایتیں دے رہا ہے۔
امریکی صدر نے ایک بار پھر ایران کو رقم دینے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایران امریکی کسانوں سے خوراک خریدے، ادائیگی منجمد اثاثوں سے ہوگی۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ یوکرین جنگ نے دفاعی صنعت پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔
قبل ازیں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران نے امریکہ کو آگاہ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں جہازوں سے نہ کوئی ٹول ٹیکس لیا جا رہا ہے اور نہ ہی انشورنس فیس وصول کی جا رہی ہے۔
ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر یہ معلومات غلط ثابت ہوئیں تو امریکہ اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات فوری طور پر ختم کر دیے جائیں گے، ایران کے بعض منجمد فنڈز مکمل طور پر امریکی کنٹرول میں ہیں اور ان فنڈز کو امریکی کسانوں کو ادائیگی کیلئے استعمال کیا جائے گا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران ان منجمد فنڈز کے ذریعے امریکہ سے مکئی، گندم، سویابین اور دیگر غذائی اجناس خرید سکتا ہے، ایران کو خوراک کی شدید ضرورت ہے اور یہ خریداری صرف امریکہ سے ہی کی جائے گی۔