چینی کمپنیوں کو پنجاب میں زرعی مشینری کی مینوفیکچرنگ کی پیشکش
عاشق کرمانی سے چینی وفد کی ملاقات ،زرعی شعبہ میں سرمایہ کاری کی خواہش
راولپنڈی( خصوصی نامہ نگار)وزیرِ زراعت و لائیو سٹاک پنجاب عاشق حسین کرمانی سے چین کے اعلیٰ سطح وفد کی ملاقات ہوئی۔ صوبائی وزیر نے چینی کمپنیوں کو پنجاب میں زرعی مشینری کی مینوفیکچرنگ کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ملکی مجموعی پیداوار کی 76فیصد گندم، 62فیصد چاول، 54فیصد کپاس، 98فیصد مکئی اور 71.3 فیصد گنا پیدا کرتا ہے ۔ پنجاب میں زرعی مشینری کی مینوفیکچرنگ اور استعمال کے رجحانات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ چین سے ہائی ہارس پاور ٹریکٹرز، ہارویسٹرز اور دیگر جدید زرعی مشینری درآمد کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیج، کھاد، بائیوٹیکنالوجی اور کراپ پروٹیکشن کے شعبوں میں چینی سرمایہ کاروں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔ چائنیز وفد نے پنجاب میں زرعی شعبہ میں جدت لانے کے لیے سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں جدید زرعی مشینری کی فراہمی میں چین کا کلیدی کردار ہے ۔