صنعتیں بند، تاجر پریشان، عوام بدحال، مہنگائی بے قابو، کاشف چودھری
امپورٹڈ پیرا شوٹر، منشی اور اکاؤنٹنٹ وزرائے خزانہ لگا کر ملک کی معیشت کو تباہ کیا گیا بجٹ میں نئے ٹیکسز عائد کرنے کے بجائے حکومتی اخراجات کم کئے جائیں ، صدرتنظیم تاجران
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدرکاشف چودھری نے کہا ہے کہ ہر دور حکومت میں امپورٹڈ پیرا شوٹر، منشی اور اکاؤنٹنٹ وزرائے خزانہ لگا کر ملک کی معیشت کو تباہ کیا گیا یہی وجہ ہے کہ صنعتیں بند، تاجر پریشان، عوام بدحال، مہنگائی بے قابو اور قرضوں کے پہاڑ کھڑے ہو چکے ہیں،جب منشیوں اوراکاؤنٹنٹس کو وزیر خزانہ بنایا جاتا ہے تو وہ صرف پیسہ جمع کرنا اور گننا جانتے ہیں جبکہ معیشت چلانا، صنعت و تجارت کو فروغ دینا اور عوامی مسائل سمجھنا ان کے بس کی بات نہیں ہوتی۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر کیوں منتخب عوامی نمائندوں یا معاشی امور کے ماہر افراد کو وزارت خزانہ نہیں دی جاتی۔ آنے والے بجٹ میں وفاق اور صوبے مجموعی طور پر گیارہ سو ارب روپے کے نئے ٹیکسز عائد کرنے کے بجائے حکومتی اخراجات کم کریں۔ این ایف سی ایوارڈ پر نظر ثانی کی جائے اور این ایف سی کے تحت وفاق کی جانب سے صوبوں کو دی جانے والی اربوں روپے کی رقوم میں کمی کی جائے ۔ قوم اب حکمرانوں کی عیاشیاں، وی آئی پی کلچر، پروٹوکول، بیرونی دورے اور شاہانہ اخراجات مزید برداشت نہیں کر سکتی اب قربانی عام آدمی نہیں بلکہ اشرافیہ اور مراعات یافتہ طبقے کو دینا ہوگی۔