نئے رسہ کی تنصیب کیلئے پتریا ٹہ چیئر لفٹ بندکرنیکا فیصلہ

نئے رسہ کی تنصیب کیلئے پتریا ٹہ چیئر لفٹ بندکرنیکا فیصلہ

رسے کی مدتِ استعمال مکمل، آسٹریا کے ماہرین نے تبدیلی کی سفارش کی نیا رسا جولائی کے دوران پاکستان پہنچ جائیگا ، ڈپٹی جنرل منیجر معظم نذیر کی گفتگو

 راولپنڈی(نیوزرپورٹر) سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پتریاٹہ چیئر لفٹ کو عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے ۔ چیئر لفٹ کا آپریشن جدید حفاظتی تقاضوں کے مطابق نئے رسے کی تنصیب تک معطل رہے گا، توقع ہے کہ آئندہ دو ماہ کے دوران ضروری تکنیکی کام مکمل ہونے کے بعد اسے دوبارہ سیاحوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔ڈپٹی جنرل منیجر نارتھ معظم نذیر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پتریاٹہ چیئر لفٹ کے رسے کی مدتِ استعمال مکمل ہونے کے قریب تھی۔ گزشتہ معائنے کے دوران آسٹریا سے آنے والے بین الاقوامی تکنیکی ماہرین نے چیئر لفٹ کے تفصیلی جائزے کے بعد سفارش کی تھی کہ رسے کی فوری تبدیلی ضروری ہے جس کے بعد محکمہ سیاحت نے فوری طور پر آسٹریا کی متعلقہ کمپنی سے رابطہ کیا اور نیا رسا فراہم کرنے کی درخواست کی تاہم بعض بین الاقوامی تجارتی اور انتظامی امور کے باعث درآمدی عمل میں تاخیر ہوئی۔ اب تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور توقع ہے کہ نیا رسا جولائی کے دوران پاکستان پہنچ جائے گا۔معظم نذیر کے مطابق نئے رسے کی تنصیب اور تکنیکی جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہونے کے بعد چیئر لفٹ کو دوبارہ آپریشنل کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئر لفٹ کی عارضی بندش کا مقصد صرف اور صرف حفاظتی معیار کو مزید بہتر بنانا ہے ۔ محکمہ سیاحت پنجاب مری کو جلد ایک نئی اور جدید سفاری ٹرین فراہم کر رہا ہے جس میں جدید الیکٹرک فیچرز اور بہتر سفری سہولیات شامل ہوں گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں