پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ،رمیش سنگھ اروڑہ
صوبائی وزیرکا اسلام آبادمیں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کا دورہ ،سہولیات پر اظہار اطمینان
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار)صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کا دورہ کیا، انہیں بتایا گیا ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال میں مریضوں کے لیے 500 بیڈ ہیں۔ ہسپتال میں نیورو سرجری، گردوں و جگر سمیت مختلف امراض کا علاج کیا جاتا ہے ۔صوبائی وزیر نے سہولیات پر اطمینان کا اظہارکیا اور طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کی روشنی میں صوبہ بھر میں معیاری صحت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب اقلیتوں کو اپنے سر کا تاج کہتی ہیں، وطن عزیز میں مختلف مذاہب کے پیروکار ہیں جنہیں مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے ۔ ملک کا مثبت تصور اجاگر کرنے کے لیے ہم سب کو اپنا تعمیری کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا اسلام آباد میڈیکل اور ڈینٹل کالج اور ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کی صحت کے شعبہ میں خدمات قابل ستائش ہیں۔