تنازعات کے حل کیلئے تصادم کے بجائے مذاکرات ضروری ، سپیکر
پارلیمان عوام کی نمائندہ آواز ،باہمی ہم آہنگی کے فروغ میں کردار ادا کر سکتی ہے
اسلام آباد(نامہ نگار) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ مختلف تہذیبوں، ثقافتوں اور اقوام کے درمیان باہمی احترام، رواداری اور تعمیری روابط کا فروغ عالمی امن، استحکام اور مشترکہ ترقی کے لیے ناگزیر ہے ۔ موجودہ عالمی حالات میں اختلافات اور تنازعات کے حل کے لیے تصادم کے بجائے مکالمے ، سفارت کاری اور باہمی تعاون کا راستہ اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار تہذیبوں کے مابین مذاکرات کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا، جو ہر سال 10 جون کو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے ۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ عالمی سطح پر امن، برداشت، بین المذاہب ہم آہنگی اور باہمی احترام کے فروغ کا علمبردار رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو درپیش سلامتی، معاشی اور ماحولیاتی چیلنجز کا مؤثر اور پائیدار حل مشترکہ کاوشوں، پارلیمانی سفارت کاری اور تعمیری مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے ۔ پارلیمان عوام کی نمائندہ آواز ہیں جو باہمی ہم آہنگی، احترام اور خوشگوار تعلقات کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں۔