فوسپاہ کے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم، ویب سائٹ کا افتتاح
سی ایم ایس کا قیام ڈیجیٹلائزیشن کی جانب اہم پیش رفت، وزیر قانون و انصاف بار بار دفتر آنے ، ڈاک سے دستاویزات بھجوانے کی ضرورت کم ہوگی، فوزیہ وقار
اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسانی (فوسپاہ) کے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم (سی ایم ایس)، موبائل ایپلی کیشن اور نئی ویب سائٹ کا افتتاح کر دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسانی فوزیہ وقار نے بتایا کہ نئے نظام کے تحت شکایت کنندگان شناختی کارڈ، ای میل اور موبائل نمبر کے ذریعے اکائونٹ بنا سکیں گے جبکہ ایک ہی اکائونٹ سے متعدد شکایات درج اور ان کی پیش رفت ٹریک کی جا سکے گی۔نوٹس، اپ ڈیٹس اور دستاویزات بھی آن لائن دستیاب ہوں گی جس سے شہریوں کو بار بار دفتر آنے اور ڈاک کے ذریعے دستاویزات بھجوانے کی ضرورت کم ہوگی۔ اعظم نذیر تارڑ نے فوسپاہ کے ڈیجیٹل ایپلی کیشن اور سی ایم ایس کے قیام کو سراہتے ہوئے اس اقدام کو ادارے کی ڈیجیٹلائزیشن کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔ تقریب میں فوسپاہ کی جانب سے این آئی ٹی بی کی ٹیم کو اعزازی سرٹیفکیٹ پیش کیے گئے جبکہ وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ کو اعزازی شیلڈ اور ادارے کی سالانہ رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments