اسلام آباد، دیہی علاقوں کیلئے سالڈ ویسٹ ڈسپوزل سسٹم متعارف کرانیکا فیصلہ
زون فور، فائیو کے علاقوں سمیت 65یونین کونسلز کو منظم ، مربوط سالڈ ویسٹ مینجمنٹ نیٹ ورک میں شامل کیاجائیگاروزانہ تقریباً 342ٹن کچرے کی مینجمنٹ، 103مشینری یونٹس، 1610اہلکار تعینات کیے جائیں گے ،سی ڈی اے
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) سی ڈی اے نے زونز IVاور Vمیں سالڈ ویسٹ فضلے کی وصولی، منتقلی اور تلفی کیلئے جامع Integrated Operations & Resource Planning System متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ منصوبہ ایک معروف ترک ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔ سی ڈی اے بورڈ نے جامع اور مؤثر سالڈ ویسٹ ڈسپوزل پلان کی منظوری بھی دے دی ہے ، جس کے تحت اس منصوبے پر مرحلہ وار عملدرآمد کیا جائے گا اور اس کا پہلا مرحلہ زونز IVاور Vمیں شروع کیا جا رہا ہے۔ اس کے نتیجے میں بنی گالا ، غوری ٹاؤن اور دیگر ملحقہ دیہی علاقوں میں سالڈ ویسٹ کی باقاعدہ، منظم اور مستقل وصولی و تلفی کا نظام قائم ہو گا۔ Integrated Operations & Resource Plan کے تحت روزانہ تقریباً 342ٹن ٹھوس فضلے کو منظم کرنے کا منصوبہ ہے ، جس کیلئے تقریباً 1610اہلکاروں اور 103مشینری یونٹس کو بروئے کار لایا جائے گا۔ اس تاریخی اقدام کے تحت اسلام آباد کی 65دیہی یونین کونسلز کو ایک منظم اور مربوط سالڈ ویسٹ مینجمنٹ نیٹ ورک میں شامل کیا جائیگا۔ چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی خوبصورتی، صفائی اور ماحولیاتی پائیداری کو صرف ترقی یافتہ شہری سیکٹرز تک محدود نہیں رہنا چاہیے ۔ بنی گالا، غوری ٹاؤن، لہتراڑ روڈ اور دیگر دیہی علاقوں میں باقاعدہ کچرا اٹھانے کا نظام نافذ کیا جائے گا۔ صفائی کے نظام میں ڈیجیٹل حاضری اور فیلڈ ڈپلائمنٹ کا نظام بھی شامل ہو گا۔ دیہی علاقوں میں طویل روٹس اور تنگ سڑکوں کیلئے منی ٹپرز اور ہینڈ کارٹس استعمال ہونگی۔ ممبر انوائرنمنٹ عبداﷲ خرم نیازی منصوبے پر عملدرآمد کی نگرانی کریں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments