کنٹونمنٹ بورڈ میں پانی کا بحران، ٹینکرز والوں کی چاندی
محض 15سے 25منٹ کی برائے نام سپلائی، ٹینکر کی قیمت 5ہزار تک پہنچ گئی
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے رہائشی علاقوں میں پینے اور گھریلو استعمال کے پانی کا بحران سنگین رخ اختیار کر گیا ہے ، جہاں کینٹ حکام کی ناقص منصوبہ بندی کے نتیجے میں 48گھنٹوں کے طویل تعطل کے بعد محض 15سے 25منٹ کی برائے نام فراہمی کی جا رہی ہے۔ اہلیانِ علاقہ بوند بوند کے لیے ترس گئے ہیں جبکہ باقاعدگی سے بھاری بھرکم واٹر بلز تھمائے جا رہے ہیں۔ مجبوری کے تحت گھروں میں ڈرموں، ٹینکوں اور کھلے برتنوں میں پانی ذخیرہ کرنے کی وجہ سے علاقے میں ڈینگی لاروا کی افزائش اور ڈینگی وائرس کا پھیلاؤ بھی شدت اختیار کر رہا ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری شہریوں نے کینٹ بورڈ کی غلط پالیسیوں پر عائد کی ہے۔ اہلیانِ علاقہ نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران کینٹ کے اندر نئے انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینکوں کی تعمیر، ٹیوب ویلز کو فعال بنانے اور نئی پائپ لائنز بچھانے کیلئے رکن قومی اسمبلی و چیئرمین قائمہ کمیٹی ملک ابرار احمد نے کروڑوں روپے کے فنڈز فراہم کیے، حتیٰ کہ بجلی کے بریک ڈاؤن سے ہٹ کر ٹیوب ویلز کو فعال رکھنے کی خاطر 10کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ سے سولر سسٹم کا منصوبہ بھی دیا گیا تاکہ شہریوں کو بلاتعطل پانی مل سکے۔ شہری نجی ٹینکر مافیا سے 5ہزار روپے فی ٹینکر مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments