تمام گاڑیوں کیلئے فٹنس لازمی، 30 نومبر تک سموگ فری بنانیکی ہدایت
مقررہ مدت کے بعد دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی ہوگی ،سی ٹی او
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کائنات اظہر خان نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کو سموگ سے پاک بنانے اور شہریوں کی صحت و زندگی کے تحفظ کے لیے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف 30نومبر کے بعد سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، جبکہ اسلام آباد میں تمام گاڑیوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے ۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر کی زیر صدارت اسلام آباد اور راولپنڈی گڈز ٹرانسپورٹ یونین اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں گاڑیوں کی فٹنس، ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے خاتمے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں ٹرانسپورٹ یونین کے عہدیداروں کو ہدایت کی گئی کہ 30 نومبر تک اپنی تمام گاڑیوں کو سموگ فری بنائیں اور ان کی فٹنس یقینی بنائیں۔ چیف ٹریفک آفیسر نے واضح کیا کہ مقررہ تاریخ کے بعد دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں انسانی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہیں، اس لیے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور ٹرانسپورٹرز کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔ ریت، بجری اور سیمنٹ لے جانے والی گاڑیوں کو ترپال سے ڈھانپنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے ، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments