بیت المال کے بچوں کو فلیگ یوتھ پرگرام میں شامل کرنیکا فیصلہ

بیت المال کے بچوں کو فلیگ یوتھ پرگرام میں شامل کرنیکا فیصلہ

تعلیم، فنی و پیشہ ورانہ تربیت، کاروبار اور معاشی خودمختاری کے نئے مواقع میسر آئیں گے

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے پاکستان بیت المال کے زیرِ کفالت مستحق نوجوانوں کو وزیراعظم کے فلیگ شپ یوتھ پروگرامز میں شامل کرنے پر اتفاق کیا ہے ، جس سے انہیں اعلی تعلیم، فنی و پیشہ ورانہ تربیت، کاروبار اور معاشی خودمختاری کے نئے مواقع میسر آئیں گے ۔اس سلسلے میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے منگل کو پاکستان بیت المال ہیڈ آفس اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ نے ان کا استقبال کیا۔

ملاقات میں وفاقی حکومت کے دونوں اداروں کے مابین ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے اور مستحق نوجوانوں کو پائیدار معاشی ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر پاکستان بیت المال کی ٹیم نے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام کو ادارے کے دائر کار، ملک گیر فلاحی خدمات، نمایاں کامیابیوں اور مستحق طبقات کی بحالی و معاونت کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہیں بتایا گیا کہ وزارتِ تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ کے تحت کام کرنے والا پاکستان بیت المال وفاقی حکومت کا ایک اہم سماجی بہبود کا ادارہ ہے، جو مستحق طلبہ، یتیم بچوں، معذور افراد، مالی مشکلات سے دوچار خاندانوں اور علاج کے متحمل نہ ہونے والے مریضوں کی معاونت کرتا ہے۔

پاکستان سویٹ ہومز، ویمن ایمپاورمنٹ سینٹرز، تعلیمی وظائف اور انفرادی مالی معاونت ادارے کے نمایاں فلاحی پروگرامز میں شامل ہیں۔ سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ نے اس اشتراکِ عمل کو مستحق نوجوانوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ادارے کا مقصد صرف فوری مالی امداد فراہم کرنا نہیں بلکہ تعلیم، ہنرمندی، بحالی اور معاشی خودمختاری کے ذریعے مستحق افراد کو معاشرے کا فعال اور خودکفیل شہری بنانا بھی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...