کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کی اربوں روپے کی مشینری غیر فعال
مرمت نہ کرائی گئی تو عیدالاضحی پر آلائشیں علاقوں میں پڑی رہ جائیں گی،سجن یونین
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سجن یونین کے ایم سی کے مرکزی صدر سیدذوالفقارشاہ نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کی آمدآمد ہے لیکن تاحال کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کی اربوں روپے کی قیمتی مشینری کی مرمت ،ٹائر ٹیوب،بیٹریوں ،آئل وغیرہ کی تبدیلی کا کوئی بندوبست نہیں کیا گیا جسکی وجہ سے اربوں روپے کی یہ مشینری متعلقہ ورکشاپوں میں ناکارہ ہورہی ہے۔انہوں نے گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ عیدالاضحی پر آلائشیں اٹھانے اورانہیں ٹھکانے لگانے کے لیے کے ایم سی او ر ڈی ایم سیز کو ہنگامی بنیادوں پر گاڑیوں کی مرمت ٹائر ،ٹیوب ،بیٹریوں،آئل وغیرہ اور دیگر سامان کی تبدیلی کے لیے اسپیشل گرانٹ فراہم کی جائے بصورت دیگر عیدالاضحی پر آلائشیں علاقوں میں پڑی رہ جائیں گی۔