سانحہ تربت سندھیوں کے قتل عام میں بلوچ قوم پرست ملوث ہیں سندھ نیشنل پارٹی

سانحہ تربت سندھیوں کے قتل عام میں بلوچ قوم پرست ملوث ہیں سندھ نیشنل پارٹی

بلوچ قوم پرست واضح کریں کہ وہ سندھی قوم سے کیسے تعلقات چاہتے ہیں، واضح موقف تک بلوچ قوم پرستوں کا سوشل بائیکاٹ کرینگے

اگر بلوچستان میں سندھی غیر محفوظ ہوئے تو سندھ میں بھی بلوچ قوم کا تحفظ خطرے میں پڑجائے گا،مرکزی رہنماء اشرف نوناری کا بیان حیدرآباد(خبرنگار ) سندھ نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء اشرف نوناری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے علاقے تربت میں ہونے والے سندھیوں کے قتل عام میں بلوچ قوم پرست ملوث ہیں،دہشتگرد تنظیمیں بلوچستان لبریشن آرمی اور سندھودیش لبریشن آرمی پاکستان کی دشمن ہیں،بلوچ قوم پرست واضح کریں کہ وہ سندھی قوم سے کیسے تعلقات رکھنا چاہتے ہیں، سانحہ تربت پر بلوچ قوم پرستوں کے واضح موقف تک سندھ نیشنل پارٹی بلوچ قوم پرستوں کا سوشل بائیکاٹ کرے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا، انہوں نے کہاکہ تربت کے علاقے بلوچستان میں 20سے زائد سندھی محنت کشوں کو بیدردی سے قتل کیا گیا ، جس کی ذمے داری بلوچ قوم پرستوں کے دہشتگرد ونگ بی ایل اے نے قبول کی ہے جس سے واضح ہوگیا ہے کہ پنجابیوں کے بعد اب بلوچستان میں سندھیوں کو بھی چن چن کر مارا جارہا ہے ، اگر بلوچستان میں سندھی غیر محفوظ ہوئے تو سندھ میں بھی بلوچ قوم کا تحفظ خطرے میں پڑجائے گا،سندھیوں نے نوروزخان سے لیکر نواب اکبر بگٹی اور بلوچ قوم پرست رہنماؤں کے قتل پر سخت احتجاج کیاتھا، ذوالفقار علی بھٹو کے دورسے لے کر مشرف دورتک جب بھی بلوچستان میں ریاستی آپریشن ہوا،سندھ سراپا احتجاج بنا رہا ،سندھیوں نے نہ صرف سندھ بھر میں پہیہ جام کیا بلکہ وہ بلوچستان کے ریاستی آپریشن کے خلاف بلوچ قوم کے ساتھ کھڑے رہے ، آپریشن کے دوران کئی بلوچ رہنماؤں کو سندھیوں نے پناہ دی،لاکھوں بلوچ سندھ میں سرکاری ملازمتیں اور مزدوری کرتے ہیں جن کو سندھیوں نے ہمیشہ تحفظ فراہم کیا ہے اور اپنا بھائی سمجھا ہے مگر اب بلوچستان کی دھرتی سندھیوں کے خون سے رنگ دی گئی ہے ،تربت میں سندھیوں کے قتل عام پر بلوچ قوم پرست خاموش ہیں جس سے واضح ہوگیا ہے کہ پنجابیوں کے بعد اب بلوچستان میں سندھیوں کے خلاف جنگ شروع کردی گئی ہے اگر سندھیوں کے خلاف بلوچ لڑتے رہے تو پھر بلوچوں کو بھی سندھ سے نکلنا ہوگا، بلوچوں اور سندھیوں کے رسم ورواج ،تہذیب اور ثقافت تقریباً یکساں ہے ،مگر یہ بات برداشت نہیں کی جائے گی کہ بلوچستان میں سندھی غیر محفوظ رہیں، انہوں نے کہاکہ بلوچ قوم پرست یادرکھیں کہ ہرایکشن کا ری ایکشن آسکتا ہے ، تربت سانحہ پر بلوچ قوم پرستوں کا واضح موقف آنے تک سندھ نیشنل پارٹی بلوچ قوم پرستوں کے سوشل بائیکاٹ کا اعلان کرتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں