معاشرے کو خواتین کیلئے محفوظ بنانا ضروری، خاتون اول
![معاشرے کو خواتین کیلئے محفوظ بنانا ضروری، خاتون اول](https://dunya.com.pk/news/2021/March/03-14-21/news_big_images/1792380_26839787.jpg)
ملکی ترقی کے لئے خواتین کو ان کے جائز حقوق دینے ہونگے، بیگم ثمینہ عارف علوی ،آل پاکستان ویمنز ایسوسی ایشن کے تحت سیمینار،گورنر اسٹیٹ بینک ودیگر کابھی خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ ہمارے ملک کی آدھی آبادی خواتین پر مشتمل ہے ، ملکی ترقی اور مثالی ریاست کے قیام کے لئے خواتین کو ان کے جائز حقوق دینے ہوں گے ، خواتین کو قومی دھارے میں شامل کئے بغیر اسلامی اور مثالی ریاست کاخواب کبھی پورا نہیں ہوسکتا۔ ہفتہ کو مقامی ہوٹل میں آل پاکستان ویمنز ایسوسی ایشن کے تحت ’’پاکستان میں صنفی مساوات کی صورتحال‘‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے کو خواتین کے لئے محفوظ بنانا ہے، ہمارے ملک کے بعض علاقوں میں خواتین کو وراثت کے حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے جو سراسر ناانصافی اور اسلام کی روح کے منافی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے خواتین کو معاشی طور پر خود مختار بنانے کے لئے بہت اچھی پالیسیاں متعارف کرائی ہیں ، خواتین کو ان سہولتوں سے آگاہ کرنا ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ اپوا کی تاریخ سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ پاکستانی خواتین کسی سے کم نہیں اور جب بھی پاکستان کو ضرورت پڑی ہماری خواتین نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا، اپوا نے خواتین کے حقوق اور قوانین کی بہتری کے لئے بہت کام کیا ہے۔ خاتون اول نے کہا کہ معاشرے کو خواتین کے لئے محفوظ بنانا بہت ضروری ہے، گھر اور گھر کے باہرخواتین پر تشدد نہیں ہونا چاہئے ، ہمیں انہیں محفوظ ماحول فراہم کرنے پر کام کرنا ہے ۔ تقریب سے اسٹیٹ بینک کے گورنر رضا باقر، اپوا کی صدر شیرمین ایچ ہدایت اللہ نے بھی خطاب کیا۔