پی ای سی ایچ ایس میں غیرقانونی پورشن کی تعمیر، ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے، ایس ایچ او کو نوٹس

پی ای سی ایچ ایس میں غیرقانونی پورشن کی تعمیر، ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے، ایس ایچ او کو نوٹس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے نسلہ ٹاور سے متصل گلستان ظفر پی ای سی ایچ ایس میں پورشن بنانے سے متعلق درخواست پر ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے اور ایس ایچ او تھانہ ٹیپو سلطان کو نوٹس جاری کردیئے۔

جمعہ کو عدالت عالیہ سندھ کے دو رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ پلاٹ نمبر اے 15پر غیر قانونی پورشن بنائے جا رہے ہیں، پہلی اور دوسری منزل پر میری اور میرے خاندان کی رہائش ہے، لینڈ مافیا نے اچانک تیسری منزل پر تعمیرات شروع کردیں، تعمیرات شہزاد قمر کر رہا ہے، جس کا زمین سے کوئی تعلق نہیں۔ عدالت نے اظہار حیرت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے آپ کی رہائش ہوتے ہوئے تعمیرات کیسے شروع ہوگئیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ پلاٹ سے اب بلڈر کا بھی کوئی تعلق نہیں رہا۔

ایس بی سی اے سمیت کوئی ادارہ غیر قانونی تعمیر نہیں روک رہا۔ علاوہ ازیں سندھ ہائی کورٹ نے نسلہ ٹاور کیس میں آشکار داور ،علی مہدی قاضی اور سیدمحمد ضیا سمیت 4ملزمان کی فی کس 50ہزار روپے کی ایک ہفتے کے لیے حفاظتی ضمانتیں منظور کرتے ہوئے متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔

جمعہ کو جسٹس محمد سلیم جیسر پر مشتمل سنگل بینچ نے حفاظتی ضمانتوں کی سماعت کی۔ فاضل عدالت نے ملزمان کو تفتیش میں تعاون کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ ملزمان میں محمد ولایت،آشکار داور، علی مہدی قاضی، فرحان قیصر،خواجہ بدیع الزمان ،علی غفران اور سید محمد ضیا شامل ہیں۔ ملزمان کے خلاف اینٹی کرپشن نے گزشتہ روز مقدمہ درج کیا تھا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں