کراچی سرکلر ریلوے پرکام تیزکیاجائیگا، اعظم سواتی

کراچی سرکلر ریلوے پرکام تیزکیاجائیگا، اعظم سواتی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے پر کام کو تیز اور ریلوے کی اراضی سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا، شہر کی ترقی کے لیے وفاق ٹرانسفارمیشن پلان پر کام کررہا ہے ، اس پلان کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور گورنر سندھ عمران اسماعیل دیکھ رہے ہیں۔

وہ اتوار کو کینٹ اسٹیشن پر سیلانی ویلفیئر کے تعاون سے قائم آر او پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر سیلانی ٹرسٹ کے سربراہ مولانا بشیر فاروقی بھی موجود تھے ۔ وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہا کہ میں بشیر فاروقی اور ان کے ٹرسٹ کا مشکور ہوں کہ انہوں نے اسٹیشن پر آر او پلانٹ لگایا، اس سے مسافروں کو صاف پینے کا پانی ملے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے چھوٹے طبقے کو اوپر اٹھانا ہے، جو اللہ کی مخلوق کو سینے سے لگاتا ہے اللہ اس کو ترقی دیتا ہے، آج قلی کی آزادی کا دن ہے، آج سے قلی سے پیسے نہیں لیں گے، اس حوالے سے کوئی ٹھیکہ نہیں ہوگا، ریلوے ان سے کوئی پیسے نہیں لے گا، جس اسٹیشن سے قلی جو پیسہ کمائے گا وہ سارا گھر لے جائے گا، ملک میں جاگیردارانہ نظام کے ساتھ اب ٹھیکیداری نظام کا خاتمہ کرنا ہے ، انسانی فلاح کے لیے ریلوے کی جتنی زمین چاہیے ہوگی ہم دیں گے۔ مولانا بشیر فاروقی نے کہا کہ یہ آر او پلانٹ یومیہ دوکروڑ گلاس پانی فراہم کرے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں