لعل شہباز قلندر ؒکے عرس ،میلے کی تیاریاں مکمل، کل شروع

لعل شہباز قلندر ؒکے عرس ،میلے کی تیاریاں مکمل، کل شروع

سیہون شریف(نمائندہ دنیا)سیہون میں حضرت لعل شہباز قلندرؒ کا 771واں عرس کل سے شروع ہوگا،پنجاب سمیت ملک بھر سے لاکھوں زائرین سیہون پہنچ گئے ، پولیس کے 4700 اور رینجرز کے 300 اہلکار تعینات کردیے گئے۔

 سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی نگرانی شروع، نہروں میں نہانے پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ دھرتی کے عظیم صوفی بزرگ حضرت سید عثمان مروندی المعروف حضرت لعل شہباز قلندرؒ  کے سالانہ 771ویں عرس مبارک کی تمام تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہیں،عرس کل بروز ہفتہ 11 مارچ سے شروع ہوگا۔افتتاحی تقریبات میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری شرکت کریں گے اور مزار پر حاضری دیکر 3 روزہ سرکاری تقریبات کا افتتاح کریں گے جب کہ دوسری جانب سیہون میں عرس میں شرکت کے لیے پنجاب سمیت ملک بھر سے لاکھوں زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ،زائرین مختلف وفود کی صورت میں پہنچ رہے ہیں اور اس موقع پر لعل شہباز قلندر ؒ کے مزار پر حاضری دیکر عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔ عرس کے موقع پر شہباز میلہ کمیٹی نے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں،چیئرمین میلہ کمیٹی فریدالدین مصطفی نے بتایا کہ زائرین میں منرل واٹر کی 3 لاکھ بوتلیں اور جوس بھی تقسیم کیے جائیں گے ،شہر میں صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات کیے گئے ہیں

اسی طرح ٹھنڈے پانی کی سبیلیں بھی قائم کی گئی ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ نہروں پر پاک بحریہ اور پولیس کے اہلکار مقرر کیے گئے ہیں۔ایس ایس پی جامشورو عمران قریشی نے بتایا کہ عرس کے موقع پر اسپیشل برانچ کے اہلکار بھی سیکیورٹی امور دیکھیں گے جب کہ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر بیر یئر لگاکر بڑی گاڑیوں کا داخلہ ممنوع قرار دیاگیا ہے ۔علاوہ ازیں ڈائریکٹر سید عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر معین الدین صدیقی نے عرس مبارک کے موقع پر انسٹیٹیوٹ میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ دریں اثنا ڈپٹی کمشنر جامشورو فریدالدین مصطفی نے عرس کے آخری روز 13 مارچ کو ضلع بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ سکھراور روہڑی کے درمیان دریائے سندھ کے جزیرے پر واقع سید خطیب شاہ المعروف سید صدر الدین شاہ بادشاہ ؒ کے 744ویں عرس کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے ، عرس میں شرکت کے لئے ملک بھر کے مختلف چھوٹے ،بڑے شہروں سے ہزاروں کی تعداد میں زائرین جن میں مرد خواتین اور بچے شامل ہیں قافلوں کی صورت میں پہنچ رہے ہیں اور مزار پر چادر چڑھا کر دعائیں مانگ رہے ہیں ،اسی طرح مزار کے احاطے میں دھمال کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ دوسری جانب زائرین کی جانب سے لنگرنیاز کا بھی اہتمام کیاگیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں