رواں تعلیمی سال اگست سے برقرار رکھنے پر اتفاق

رواں  تعلیمی  سال  اگست سے  برقرار رکھنے  پر  اتفاق

کراچی (اسٹاف رپورٹر)محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیئرنگ کمیٹی نے جون جولائی کی تعطیلات کے دوران 15 دن کے لیے اساتذہ کی پروفیشنل تربیت، تعلیمی سال اپریل سے شروع کرنے کی تجاویز پیش کردی ہیں۔ منگل کوصوبائی نگراں وزیر تعلیم رعنا حسین کی زیر صدارت اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔

اس موقع پر سیکریٹری اسکول ایجوکیشن سندھ شیریں ناریجو، سیکریٹری کالج ایجوکیشن سندھ صدف انیس شیخ، ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر فوزیہ خان اور کمیٹی ممبران نے شرکت کی۔اجلاس میں تجویز پیش کی گئی کہ آئندہ تعلیمی سال 2024-25 اپریل سے شروع ہونا چاہیے۔ تعلیمی سیشن دیر سے شروع ہونے کے سبب انٹرمیڈیٹ کے امتحانی نتائج میں بھی تاخیر ہوتی ہے اورطلبہ کو جامعات میں داخلے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے ۔نگراں وزیر نے اس ضمن میں فیصلہ کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی کی ذیلی ورکنگ کمیٹی کو حتمی تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ اجلاس میں رواں تعلیمی سال 2023-24 کو اگست سے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں تجویز دی گئی کہ جون جولائی کی چھٹیوں کے دوران 15 دن کے لیے اساتذہ کو اسکولوں میں حاضر رہنا ہوگا۔جون جولائی کی تعطیلات کے دوران اساتذہ کو مختلف کورسز اور تربیتی سیشنز کروائے جائیں گے ۔اجلاس میں تعلیمی سال کی جون جولائی کی موسم گرما تعطیلات یکم جون 2024 سے 31 جولائی 2024 کرنے کی تجویز پیش کی گئی جبکہ موسم سرما کی تعطیلات  20 دسمبر 2023 سے 31 دسمبر 2023 تک کرنے کی تجویز دی گئی۔دیگر چھٹیوں میں یوم کشمیر، شب معراج، شب برات، یوم پاکستان، یوم علی، شب قدر، یوم مزدور ، عیدالفطر اور عید الاضحی، عاشورہ، یوم آزادی، چہلم، عید میلاد النبی، یوم شاہ عبداللطیف اور یوم قائد اعظم کی چھٹیوں کو برقرار رکھنے کو کہا گیا۔ اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ ضلعی سطح پر ہونے والی چھٹیوں کے پیشگی نوٹیفکیشن کے لیے انتظامیہ کو پابند بنایا جائے گا۔امتحانات کے حوالے سے تجویز دی گئی کہ پہلی کلاس سے تیسری کلاس تک کے بچوں کو اگلی جماعتوں میں ترقی دی جائے گی جبکہ چوتھی کلاس سے آٹھویں کلاس کے طالب علموں کے امتحانات لئے جائیں گے ۔ آئندہ تعلیمی سال کے لیے امتحانات 20 مارچ 2024 سے 31 مارچ 2024 لینے کی تجویز پیش کی گئی۔ گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات 3 اپریل 2024 سے لینے کی تجویز دی گئی جبکہ میٹرک کے نتائج کا اعلان 31 جولائی 2024 جبکہ کلاس نویں کے امتحانات کے نتائج کے 60 دن بعد میٹرک کے امتحانات کا اعلان کیا جائے گا۔کالج کے امتحانات 20 اپریل 2024 کو لینے جبکہ نتائج کا اعلان 31 اگست 2024 کوکرنے کی تجویز پیش کی گئی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں