ڈائریکٹریٹ صنعتی مسائل حل کرے گا ،ایس بی سی اے

ڈائریکٹریٹ صنعتی مسائل حل کرے گا ،ایس بی سی اے

کراچی (آن لائن)سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں ڈائریکٹریٹ آف انڈسٹریز کے ٹرانزیشن آفیسر مشتاق ابراہیم سومرو کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹریٹ کا قیام صنعتوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے کیا گیا ہے ۔

 ڈائریکٹریٹ آف انڈسٹریز کا مقصد بلڈنگ پلان کی منظوری کیلئے ون ونڈو آپریشن فراہم کرنا، غیر متعلقہ افراد جو خود کو ایس بی سی اے کا نمائندہ ظاہر کرکے صنعتکاروں کو ہراساں کرتے ہیں اور غیر قانونی تعمیرات کا خاتمہ کرنا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے دورے پر کیا۔ تقریب میں کاٹی کے صدر جوہر قندھاری، ڈپٹی پیٹرن ان چیف زبیر چھایا، سینئر نائب صدر نگہت اعوان، قائمہ کمیٹی کے چیئرمین فرحان الرحمان سمیت دیگر موجود تھے ۔ مشتاق ابراہیم سومرو نے مزید کہا کہ ہمارے قوانین بین الاقوامی قوانین کے عین مطابق بنائے گئے ہیں، آئندہ ایس بی سی اے کے کسی ادارے کی جانب سے عمارتیں مسمار کرنے کیلئے ڈائریکٹریٹ کی پیشگی منظوری لازمی ہوگی۔ عمارتوں کے پلان کی منظوری ٹائٹل دستاویزات بشمول دیگر منظوری اور ڈرائننگ کے 30 دن کے اندر کی جائے گی۔ انہوں نے تجویز دی کہ انڈسٹری کی سہولت کیلئے عالمی معیار کے مطابق قوانین مرتب کئے جائیں۔ نقشوں کو آن لائن جمع کرنے کیلئے سہولیات 3 دن میں فراہم کردی جائیں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں