امن خراب کرنے والوں کیخلاف موثراقدامات کی ہدایت

کراچی(آن لائن)آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی جانب سے گزشتہ دنوں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر شہید ہونے والے میجر سعد شیخ کے قاتلوں کی گرفتاری پر کراچی پولیس چیف،ڈی آئی جی ساؤتھ ،ایس ایس پی کیماڑی۔۔
سٹی اور ان کی پوری ٹیم کو سینٹرل پولیس کراچی میں منعقدہ تقریب میں تعریفی اسناد،ایک بنیادی تنخواہ اور CC-I سے نوازا گیا۔اس موقع پر آئی جی سندھ نے کہا کہ اس کارروائی سے سندھ پولیس کے افسران اور جوانوں کے حوصلے نہ صرف بلند ہوئے بلکہ یہ بھی ثابت ہوا کہ سندھ پولیس تجربہ، محنت،صلاحیت اور مہارت میں کسی سے پیچھے نہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ اس مومنٹم کو نہ صرف برقرار رکھا جائے بلکہ اسے آگے لے کر چلا جائے اور صوبہ بالخصوص کراچی کا امن خراب کرنے والے عناصر کے خلاف انتہائی سخت اور موثر اقدامات ہر سطح پر یقینی بنائے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ پولیس کے پاس ایسے بہادر جوان موجود ہیں جوجرائم کے خاتمے کے لیے پر عزم اور ہمہ وقت تیار ہیں اور یہ جوان بلاشبہ سندھ پولیس کا فخر ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میجرسعدشیخ شہید کے قاتلوں کی گرفتاری اور تفتیش سے مزید ایسے گروہوں کا پتہ لگائیں جو کراچی میں سنگین جرائم میں ملوث اور مرتکب ہیں۔