پنگریو:سیم نالے پر واقع شکستہ حال پل کامرمتی کام التواء کاشکار

 پنگریو:سیم نالے پر واقع شکستہ حال پل کامرمتی کام التواء کاشکار

پنگریو(نمائندہ دنیا)ضلع بدین اور میرپورخاص کو باہم ملانے والے پنگریوجھڈوروڈ پردرگاہ سیدسمن سرکارؒکے قریب سیم نالے 4R پرواقع شکستہ حال پل کامرمتی کام گزشتہ تین سال سے التواء کاشکارہے جس کی وجہ سے ان دونوں اضلاع کا زمینی رابطہ بری طرح متاثرہوگیاہے۔۔

پل خستہ حال ہونے کے باعث بڑی ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ دیگرروٹ سے گزررہی ہے جب کہ گزشتہ روزاس پل سے گزارنے کی کوشش کے دوران ایک ٹرک پل پرالٹ گیا ، تاہم ڈرائیور اور کلینر معجزانہ طورپرمحفوظ رہے جبکہ ٹرک کوبری طرح نقصان پہنچا۔حادثے کے باعث وہاں دیگر ٹریفک کی روانی بھی معطل ہوگئی ۔ دوسری جانب پل کی شکستہ حالی اور مرمت نہ ہونے کے باعث پنگریوکی کاروباری اورتجارتی سرگرمیوں پربھی منفی اثر پڑ رہا ہے جس سے تاجرطبقہ شدید پریشانی کاشکارہے ۔ علاوہ ازیں پل کی خستہ حالی کے باعث یہاں پبلک ٹرانسپورٹ کی کم آمدورفت سے دونوں اضلاع کے سیکڑوں دیہات اورشہروں کے عوام کو شدیدمشکلات اورپریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ، تاہم اس کے باوجود متعلقہ محکمے کی جانب سے صورتحال کا کوئی نوٹس نہیں لیا جارہا اور نہ ہی کوئی مرمتی کام کروایا جارہاہے جس کے خلاف علاقہ مکین سراپااحتجاج بن گئے ۔اس ضمن میں مختلف دیہات سے تعلق رکھنے والے مکینوں نے سماجی رہنماؤقربان علی کھوسو اورمحبوب علی کی قیادت میں پریس کلب پنگریوپر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پنگریوجھڈوروڈ نہ صرف ضلع میرپورخاص اور بدین کوباہم ملانے کااہم ذریعہ ہے بلکہ اس روڈ کے ذریعے دونوں اضلاع سے کراچی تک ٹرانسپورٹ گاڑیاں چلتی ہیں جن کے ذریعے سیکڑوں افراد روزانہ سفرکرتے ہیں مگرپل ٹوٹنے کے باعث یہ ٹرانسپورٹ بند ہے جس کی وجہ سے مسافربھی شدید پریشان ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پل کی فوری مرمت کرائی جائے ، بصورت دیگر احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں