ٹاؤنز کو کچرا ٹھکانے لگانے کاٹاسک دینے کا مطالبہ

ٹاؤنز کو کچرا ٹھکانے لگانے کاٹاسک دینے کا مطالبہ

کراچی (این این آئی)ٹاؤن چیئرمین اورنگی ٹاؤن حاجی جمیل ضیا نے کہا ہے کہ کراچی کا کچرا اٹھا نا سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈکے بس کی بات نہیں ہے ۔

اورنگی ٹاؤن کی مین شاہراہ قذافی اس وقت گندگی اور کچرے کا ڈھیر بن چکی ہے ،سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ساتھ کچرا اٹھانے کا معاہدہ منسوخ کیا جائے اور ٹاؤن حکومت کو اپنے اپنے علاقے کا کچرا ٹھکانے لگانے کا ٹاسک دیا جائے تا کہ ہر ٹاؤن کا چیئرمین اپنے اپنے علاقے سے کچرا اٹھوانے کا ذمہ دار ہو۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس علاقے کی آبادی کراچی کے دیگر علاقو ں کی نسبت بہت زیادہ ہے جہاں آبادی زیادہ ہوتی ہے وہاں مسائل بھی زیادہ ہوتے ہیں، ہم نے چند مقامات پر کچرے کی نشاندہی کی تھی تو وہاں پر صفائی شروع ہوگئی تھی جو کچرا ہمیں اور عام عوام کو نظر آتاہے وہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ والوں کو کیوں نظر نہیں آتا ، اورنگی ٹاون میں 6جے ٹی ایس بنانے کے احکامات جاری کیے تھے لیکن ابھی تک ایک بھی نہیں بنایا گیا، انہوں نے کہا کہ ہم عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں لیکن اگر متعلقہ ادارے ساتھ نہیں دیں گے تو عوامی مسائل حل نہیں ہوسکتے ، انہوں نے کہا کہ سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی نئی انتظامیہ کراچی کے کچرے کو ٹھکانے لگانے میں بالکل سنجیدہ نظر نہیں آرہی بلکہ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ بالکل ناکام ہوچکی ہے اگر کسی علاقے کا ٹاون چیئرمین یا کوئی اور عوامی نمائندہ نشاندہی کردے تو کچرا اٹھ جاتا ہے ورنہ ڈھیر کے اوپر ڈھیر لگتا رہتا ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں