ڈپٹی کمشنرز کو تجاوزات کی فہرست تیار کرنے کی ہدایت

ڈپٹی کمشنرز کو تجاوزات کی فہرست تیار کرنے کی ہدایت

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا ہے کہ شہر میں بڑھتے تجاوزات کے رحجان کو روکنے کے لیے تمام اداروں کو مل کر کام کر نے کی ضرورت ہے ۔ ڈپٹی کمشنرز اینٹی انکروچمنٹ فورس ، لینڈ اوننگ ایجنسیوں اور پولیس کو مربوط کوششیں کر نی چاہئے ۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعے کے روز اپنے دفتر میں شہر میں تجاوزات کے خاتمہ کی کوششوں کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اینٹی انکروچمنٹ فورس کے ڈائریکٹر راجہ طارق نے اجلاس کو سرکاری اراضی پر تجاوزات کے خاتمہ کی کارکردگی کی تفصیلات، کارروائی کے طریقہ کار اورتجاوزات کے خاتمہ کے لیے مستقبل کی منصوبہ بندی کے بارے میں اعداد و شمار کے ذریعے تفصیلات سے آگاہ کیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈپٹی کمشنرز متعلقہ اداروں کے تعاون اور مدد سے نئی تجازات کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کریں گے ۔ کمشنرسید حسن نقوی نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے علاقہ میں تجاوزات کی فہرست تیار کر کے پولیس ،متعلقہ شہری اداروں اور انٹی انکروچمنٹ فورس کی مدد اور تعاون سے اقدامات کریں ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شاہراہوں اور فٹ پاتھوں پر قائم ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والے پتھاروں اور ٹھیلوں کی روک تھام کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی اور دیگر شہری اداروں کے تعاون اور مدد سے فوری نوعیت کے اقدامات کئے جائیں گے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں