پانی مافیا کیخلاف گرینڈ آپریشن کی حکمت عملی تیار

پانی  مافیا  کیخلاف  گرینڈ  آپریشن  کی  حکمت  عملی  تیار

کراچی (رپورٹ: محمد علی حفیظ )پانی مافیا کے خلاف نئے سرے سے گرینڈ آپریشن شروع کرنے کیلئے واٹر کارپوریشن انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں نے نئی حکمت عملی تیار کرلی منگھوپیر ۔۔۔

اورنگی ٹائون، کورنگی ، سہراب گوٹھ اور سکھن میں پانی چوری کے بڑے نیٹ ورک کے فعال ہونے کی ابتدائی رپورٹ اعلیٰ سرکاری حکام کو پیش کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں پانی مافیا کے دوبارہ فعال ہونے کا اہم ترین سرکاری حکام نے سخت نوٹس لیا ہے اس حوالے سے مختلف اداروں کے فیلڈ اسٹاف نے سروے کے بعد ایک تفصیلی رپورٹ مرتب کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ضلع غربی اور ضلع کیماڑی کے علاقوں منگھوپیر، اورنگی ٹائون الطاف نگر ، ضلع شرقی میں سپر ہائی وے کے اطراف سہراب گوٹھ، اسکیم 33، ملیر اور سکھن کے علاقے میں پانی چوری اور غیر قانونی ہائیڈرنٹس قائم کرلیے گئے ہیں جو 24گھنٹوں میں سے رات کی اوقات میں چھ چھ گھنٹے کیلئے چلائے جارہے ہیں۔ مافیا واٹر کارپوریشن کی لائنوں سے روزانہ لاکھوں گیلن پانی چوری کرکے کروڑوں روپے کمارہا ہے جبکہ اس مافیا کو علاقائی سیاسی عناصر اور واٹر کارپوریشن کے عملے کی مبینہ سرپرستی حاصل ہے ۔ گرینڈ آپریشن کیلئے نئی حکمت عملی تیار کے تحت سیکورٹی اداروں کے بھرپور تعاون کے ساتھ پانی مافیا پر بڑا ہاتھ ڈالا جائے گا یہ کوشش بھی کی جائے گی ان سب کی تصاویر ، درج کیے جانے والے مقدمات کی تفصیلات ذرائع ابلاغ پر پیش کی جائیں تاکہ عوام کے سامنے پانی مافیا اور اس کے کارندے مکمل طور پر بے نقاب ہوں۔ دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی واٹر کارپوریشن کے سربراہ سید صلاح الدین احمد نے کہا ہے کہ کسی صورت بھی پانی مافیا کو پنپنے نہیں دیا جائے گا ،غیر قانونی ہائیڈرنٹس چلنے نہیں دیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں