ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق شعور پیداکرناناگزیر ،سیمینار

ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق شعور پیداکرناناگزیر ،سیمینار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ماحولیاتی تبدیلیوں کے سنگین اثرات کا مقابلہ کرنے کیلئے عوام میں شعور پیدا کرنا ناگزیر ہے ۔۔

پلاسٹک شاپرز ماحول کو تباہ کر رہے ہیں، کراچی کے شہریوں کی آکسیجن کی ضرورت کیلئے 16 کروڑ درخت اگانا ضروری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی کی صوبائی سیکریٹری نبیلہ عمر، پروفیسر رفیع الحق، فرزانہ نسیم اور شبینہ فراز نے کراچی میں داؤدی بوہرہ کمیونٹی کی ماحولیاتی تنظیم نظافت آرگنائزیشن اور انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کے اشتراک سے ماحولیاتی آگہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار ارتھ ڈے کی مناسبت سے منعقد کیا گیا تھا۔نبیلہ عمر نے کہا کہ پلاسٹک کے استعمال میں کمی کے لیے پلاسٹک کے نقصانات کے متعلق نچلی سطح تک آگہی پیدا کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے کاموں سے بڑی تبدیلی لائی جاسکتی ہے ، محکمہ ماحولیات بوہرہ برادری کے ساتھ مل کر عوام میں ماحولیاتی شعور پیدا کرنے کیلئے مزید سرگرمیاں کرتا رہے گا۔ ادارہ تحفظ ماحولیات سندھ کے تکنیکی ڈائریکٹر وقار حسین پھلپوٹو نے کہا کہ پانی کی بچت کے لیے ضروری ہے کہ ہر فرد پانی کی اہمیت کا اندازہ کرے ، اس کی قیمت اس کی محدود مقدار سے لگائے جسے بڑھایا ہر گز نہیں جاسکتا بلکہ دنیا میں جتنی مقدار اس کی ہے اسی میں گزارا کرنا ہے ۔ پاکستان میں ری سائیکلنگ کی صنعت کو درپیش چیلنجوں پر سیپا کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر فرزانہ نسیم نے معلومات پر مبنی پریزینٹیشن پیش کی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں