میرپور خاص:75 فیصد علاقوں میں پینے کا پانی ناپید ہو گیا

میرپور خاص:75 فیصد علاقوں میں پینے کا پانی ناپید ہو گیا

میرپور خاص (بیورو رپورٹ) میرپورخاص کربلا کا منظر پیش کرنے لگا، شہر کے 75 فیصد علاقوں میں پینے کا پانی ناپید ہو گیا،شہری مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں،شہر کا جیالا میئر، ڈپٹی میئر اور 22 چیئرمین پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو بنیادی سہولت دینے میں ناکام ہوگئے ۔

ٹورأٓباد، ڈھولن آباد، آدم ٹاؤن، عمرکوٹ روڈ ،تھامس آباد، اورنگ آباد سمیت دیگر علاقے واٹر سپلائی کے پانی سے محروم ہیں۔ شہریوں ناصر خان ،حسیب احمد، أٓصف و دیگر کے مطابق ہمارے علاقوں میں گزشتہ ایک ماہ سے پینے کا پانی نہیں آرہا،اس حوالے سے میئر عبدالرؤف غوری اور متعلقہ افسران کو کئی بار آگاہ کیا جا چکا،مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ شہری مہنگے داموں پینے کا پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ پینے کے پانی کی بندش کا فائدہ پانی فروخت کرنے والوں کو پہنچایا جا رہا ہے ،متعلقہ افسران سے جب بھی رابطہ کیا جاتا ہے وہ مختلف بہانے بناتے ہیں۔ واضح رہے کہ میرپورخاص میں میئر، ڈپٹی میئر اور 22 یو سی چیئرمینوں سمیت لا تعداد کونسلرز کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے جو شہریوں کو بنیادی سہولت فراہم کرنے میں ناکام ہیں۔ شہریوں نے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو ،وزیراعلیٰ، وزیر بلدیات سے اپیل کی کہ میرپورخاص کے شہریوں کو پینے کا پانی فراہم کیا جائے ، بصورت دیگر میونسپل کارپوریشن کے خلاف احتجاج پر مجبور ہوں گے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں