شہر کی خوبصورتی پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،میئر

شہر کی خوبصورتی پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،میئر

کراچی (این این آئی)میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر کی خوبصورتی پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔۔

مختلف شاہراہوں اور سڑکوں کے اطراف سے بلاتفریق جھنڈے اور پینا فلیکس اتارے جا رہے ہیں تاکہ شہر کی خوبصورتی بحال ہو، میئرکراچی کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کا محکمہ سٹی وارڈ ن اس سلسلے میں کام کررہاہے اور شہر کی تمام سڑکوں کے اطراف لگے جھنڈے ، بینرز اور پینافلیکس ہٹانے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے جبکہ کشمیر روڈ ، پیپلز چورنگی ، نمائش، انکل سریا اسپتال، آئی بی اے کیمپس سمیت دیگر مقامات پر بھی تمام جھنڈے ، بینرز اور دیگر اشتہاری مواد کو ہٹا دیا گیا ہے اس کے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی کام جاری ہے اور اسے جلد از جلد مکمل کرلیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام شہر کی خوبصورتی کو بحال کرنے کے عمل کا حصہ ہے اوراس حوالے سے بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنی ذمہ داریاں ادا کررہی ہے ، انہوں نے کہا کہ مرکزی شاہراہوں کے اطراف وال چاکنگ کو مٹانے کا عمل بھی جاری ہے اور ان جگہوں کو رنگ و روغن کرکے بہتر بنایا جا رہا ہے ، محکمہ میونسپل سروسز کو ہدایت کردی گئی ہے کہ شہر کی نمایاں جگہوں پر دلکش پینٹنگ کی جائے ، خاص طور پر کراچی کے تمام داخلی راستوں پر خوبصورت نقش و نگار سے مزین پینٹنگ کی جائے تاکہ شہر میں آنے والوں کو خوشگوار تاثر مل سکے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں