ترقیاتی کام مکمل نہ ہونے پر نیوگوٹھ کے مکینوں کااحتجاج

 ترقیاتی کام مکمل نہ ہونے پر نیوگوٹھ کے مکینوں کااحتجاج

سکھر(بیورو رپورٹ)نیوگوٹھ کے مکینوں نے ترقیاتی کام مکمل نہ کرنے کے خلاف سڑک بلاک کرکے احتجاج کیا۔مظاہرین نے کہاکہ سال گز رنے کے بعد بھی کام ادھورے ہیں، علاقہ مکین دہرے عذاب میں مبتلا ہیں ،متعلقہ حکام نوٹس لیکر ترقیاتی کام جلد مکمل کرائیں ۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں انتظامیہ و منتخب عوامی نمائندگان کی عدم توجہ ، مسلسل لاپروائی کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں خطیر رقم سے تعمیر ہونی والی سڑک سال گز رنے کے بعد بھی مکمل نہیں ہوسکی ہے ۔گز شتہ روز ترقیاتی کام میں سست روی کے خلاف نیو گوٹھ کے مکینوں کی کثیر تعداد نے علاقہ معززین کی قیادت میں سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے سکھر انتظامیہ، ٹھیکیدار،منتخب بلدیاتی نمائندگان کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعریبازی کی۔احتجاج کے باعث نیو گوٹھ روڈ پر ٹریفک کی آمد رفت کئی گھنٹے معطل رہی ۔ اس موقع پر علاقہ معززین و مظاہرین کا کہنا تھا کہ 2023کی اسکیم کے تحت ترقیاتی کام شروع ہوئے جنہیں 2023 میں ہی مکمل ہونا تھا لیکن افسوس 2024 بھی آگیا ابھی تک کام مکمل نہیں ہوسکے ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹھیکیدار ایک ہفتہ کام کرکے دو ماہ لاپتا ہوجاتا ہے ،سڑک پر پتھر ڈال دیے گئے ہیں لیکن اس پر ڈامر نہیں ڈالا گیا،جس کے باعثٖ گاڑیوں، راہگیروں اور دکانداروں کو مشکلات کاسامنا ہے اور آئے روز حادثات بھی رونما ہورہے ہیں لیکن انتظامیہ مذکورہ سڑک کی فوری تعمیر کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کو تیار نہیں ہے ۔دوسری جانب شہری وسماجی حلقوں ،راجپوت بندھانی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر حاجی شریف بندھانی و دیگر عہدیداروں نے سکھر انتظامیہ، بلدیاتی نمائندگان کی حالیہ کارکردگی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعلی ٰ سندھ، صوبائی وزیر بلدیات ، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ و دیگر حکام سے صورتحال کا نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں